میدانی علاقوں میں ادرک کی کاشت مارچ اور پہاڑی علاقوں میں مئی کے آخر تک مکمل کرلی جائے محکمہ زراعت

ادرک باری کے بخار اور سردی سے ہونے والے بخاروں میں مفیدہے ماہرین

اتوار 13 مارچ 2016 13:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مارچ۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں ادرک کی کاشت رواں ماہ مارچ جبکہ پہاڑی علاقوں میں مئی کے آخر تک مکمل کرلی جائے چونکہ ادرک غذائی اور طبی لحاظ سے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اس لئے اس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کیلئے اقدامات کئے جائیں جس کا پودا ایک سے اڑھائی فٹ تک لمبا ہوتاہے۔

ادرک کاقابل استعمال حصہ جڑ ہے جو آلو ، شکرقندی ، ہلدی کی طرح زمین میں پیدا ہوتی ہے۔ ادرک کی تاثیر گرم و خشک ہوتی ہے جو نظام ہضم کو ٹھیک کرنے سمیت بھوک بڑھاتا ہے۔ ادرک میں 80.9 فیصدپانی،2.3فیصد پروٹین، 0.9فیصد کاربوہائیڈریٹ جبکہ دیگراجزا میں کیلشیم ، فاسفورس ، آئرن ، کیروٹین، تھایا مین، ریبو فلاوین اور وٹامن سی شامل ہیں، ادرک گرم اور مرطوب آب وہوا میں بہتر افزائش کرتاہے ادرک میں موجود آکسیجن جراثیم کش ہونے کے علاوہ خون کو صاف ، ریاح ، قولنج، سونٹھ کی شکل میں دمہ، کالی کھانسی ، پھیھپڑوں کی ٹی بی کے لیے مفید، حافظہ کو بڑھاتا ، دل ، جگر، پھیپھڑوں کو طاقت دیتا، منہ کی بدبو ختم کرکے دانتوں اور مسوڑھوں کو مضبوط کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ادرک میں خوشبو دار تیل پایا جاتاہے جو دل کے پھڑکنے کے مرض کے علاج کیلئے مفید ، معدہ کی تیزابیت کو ختم کرکے کھٹے ڈکاروں کو بند کرنے سمیت بہت سے جلدی امراض اور جوڑوں کے ناکارہ ذرات کو ختم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ادرک باری کے بخار اور سردی سے ہونے والے بخاروں میں مفیدہے جسے منہ میں رکھ کر چپانا اور اس کو جوشاندہ کے طورپر شہد میں ملا کر استعمال کرنا لقوہ کے لیے مفید ہے۔انہوں نے بتایاکہ ہمارے ہاں زیادہ تر ادرک چین، برما، تھائی لینڈ ، مڈغاسکر اور بھارت سے آتاہے لہٰذاچائے کی طرح ادرک بھی یہاں اگانے کی بجائے باہر سے منگوانا پڑتاہے۔

متعلقہ عنوان :