جرمنی کاشینگن زون کے لیے ٹریول رجسٹرقائم کرنے کااعلان

دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے ہمیں معلوم ہو کون کب اور کہاں سے شینگن علاقے میں داخل ہوا،جرمن وزیرداخلہ کی گفتگو

اتوار 13 مارچ 2016 12:49

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مارچ۔2016ء) جرمنی نے اعلان کیا ہے کہ شینگن زون کے لیے ٹریول رجسٹرکا قیام عمل میں لایاجائے گاتاکہ ہمیں معلوم ہو کہ کون ،کب ،کہاں سے شینگن زون میں داخل ہوا اورکب وہاں سے باہر گیاکیونکہ اس سے پہلے شینگن زون میں داخل ہونے کے بعد کوئی واپس بھی گیا یا نہیں؟ فی الحال رکن ممالک کے پاس کوئی منظم ریکارڈ موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے مہاجرین کا بحران مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔

جرمن وزیر داخلہ اس صورت حال کو بدلنا چاہتے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق گفتگوکرتے ہوئے جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئرنے کہاکہ وہ شینگن علاقے میں آنے اور جانے والوں کا منظم ریکارڈ رکھنے کے ایک منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ فی الحال چھبیس یورپی ممالک پر مشتمل آزادانہ سفری معاہدے کے علاقے یا شینگن زون میں آنے اور جانے والوں پر نظر رکھنے کا کوئی منظم ریکارڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی دہشت گردی، جرائم پیشہ گروہوں اور غیر قانونی نقل مکانی کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں معلوم ہو کہ کون کب اور کہاں سے شینگن علاقے میں داخل ہوا اور کہاں سے واپس گیا۔شینگن زون کے اندر ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کے لیے سفری دستاویزات یا ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ڈے میزیئر کے مطابق اگر کسی تیسرے ملک سے آنے والے شخص نے ویزہ کی مدت سے تجاوز کیا تو ویزہ اور بائیومیٹرک ڈیٹا کا نیا نظام ہمیں پیشگی انتباہ کر دے گا۔

متعلقہ عنوان :