سید علی گیلانی کی علالت پر فکرمندی کا اظہاراور ان کی صحت یابی کے لیے دُعا کرنیوالوں کے شکرگزار ہے،حریت ترجمان وزیر اعظم پاکستان اوردہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرکی دلچسپی کشمیر سے ان کی وابستگی کا اظہار ہے

اتوار 13 مارچ 2016 12:41

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیاہے جنہوں نے کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی کی علالت پر اپنی فکرمندی کا اظہار کیا اور ان کی صحت یابی کے لیے دُعا کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت ترجمان نے نئی دہلی سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کشمیری رہنما کی صحت کے بارے میں پل پل کی خبر رکھنے کے لیے جو دلچسپی ظاہر کی وہ پوری کشمیری قوم کے لیے حوصلہ افزاء ہے اور اسے کشمیر سے ان کی وابستگی کا اظہار ہوتا ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ دیگر ممالک میں مقیم کشمیری بھی ریاستی عوام کی طرح سید علی گیلانی کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش اورفکرمندی کا اظہار کرتے رہے ہیں اور ہم ان سب کے مشکور ہیں اور انہیں مبارکباد دیتے ہیں کہ گیلانی صاحب ان کی دُعاوٴں سے اب بالکل ٹھیک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت چےئرمین کواسپتال سے رخصت کیا گیا ہے اور وہ مالویہ نگر میں اپنی عارضی رہائش گاہ پر منتقل ہوگئے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض افراد معاملے کی تحقیقات کئے بغیر بے بنیاد افواہیں اڑاتے ہیں اور حریت چےئرمین کی صحت کے بارے میں کئی بار فیس بک اور وٹس اپ پر اس قسم کی خبریں چلائی گئیں کہ لوگوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔