مقبوضہ کشمیر،جماعت اسلامی کا کالے قوانین کی منسوخی کا مطالبہ، نظربندوں کی رہائی پر زور

اتوار 13 مارچ 2016 12:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے،کالے قوانین کومنسوخ اور انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرنے اورغیر قانونی طور رپر نظر بند کشمیریوں کو غیر مشروط رہائی پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس تنظیم کے امیر غلام محمد بٹ کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں تنظیمی امور کے علاوہ ، مقبوضہ علاقے اور امت مسئلہ کی مجموعی صورت پر غوض و خوض کیا گیا۔اجلاس میں کے اختتام پر کئی قراردادیں پاس کی گئیں جن میں تنظیم کے اس دیرینہ موٴقف کا اعادہ کیا گیا کہ دنیا میں حقیقی امن و امان اور خوشگوار ماحول کے قیام کے لیے ان تمام دیرینہ تنازعات کا منصفانہ حل ناگزیر ہے جن کی موجودگی سے دنیا کا امن و سکون داؤو پر لگا ہوا ہے جن میں جموں وکشمیر کا مسئلہ بھی سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور قرار داد میں پاکستان اور بھارت زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اقدامات کریں اور اس حوالے سے سہ فریقی مذاکرات کا انعقاد کریں جن میں کشمیری عوام کو بنیادی فریق کی حیثیت دی جائے۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ اس تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کی منسوخی پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی غیر مشروط فوری رہائی پر زور دیا گیا۔اجلاس کے آخر پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی مکمل صحتیابی کی دعا کی گئی۔