حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے سے سیاسی استحکام، سیکیورٹی اور سرمایہ کاری کا تحفظ حاصل ہوا

امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا واشنگٹن میں سیمینارسے خطاب

ہفتہ 12 مارچ 2016 22:47

واشنگٹن ۔ 12 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مارچ۔2016ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کے نتیجہ میں سیاسی استحکام، سیکیورٹی اور سرمایہ کاری کا تحفظ حاصل ہوا۔ وہ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتحانہ کے زیراہتمام سیمینار کی صدارت کر رہے تھے جس کا مقصد پاکستان میں نجی شعبہ کے سرمایہ کاری کے فروغ کے بارے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کے تاثرات اکٹھے کرنا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سرمایہ کاری سے متعلق لائحہ عمل کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ حکومت ایک مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کرچکی ہے۔ اقتصادی شرح نمو میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ افراط زر میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بدستور اضافہ جاری ہے جبکہ شرح سود میں کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر عالمی مالیاتی اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی حوالہ دیا۔ سیمینار میں پاکستانی برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔