صوبے کے منتخب حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ

ہفتہ 12 مارچ 2016 22:38

سکھر ۔ 12مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ سندھ جو کچھ سال قبل تک تعلیم کے شعبے میں ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت پیچھے رہ گیا تھا بہت جلد تمام صوبوں سے آگے نکل کر رہنما ء کے طور پر کردار ادا کرے گا نہ صرف یہ بلکہ سندھ صوبہ کا تعلیمی نظام دور دراز کے چھوٹے علاقوں کے لیے مثال ثابت ہوگا کیونکہ صوبے کے منتخب حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر انسٹیٹیویٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سال 2016ء کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرکانووکیشن میں 150 گریجویٹس کی تعلیم مکمل کرنے پر اسناد دی گئی ، مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 9 طلبہ اور طالبات کو سونے اور 3 طلبہ و طالبات کو چاندی کے میڈل دئیے گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پورے ملک کی طرح سندھ صوبے میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کو مواقع فراہم کرنے اور وسیلوں کو بہتر طور پراستعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر آئی بی اے کی مثالی کارکردگی پر سندھ کے عوام کو فخر ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تعلیم حاصل کرنے والے گریجویٹ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کریں کسی بھی شعبے کی اہمیت کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف اچھی ملازمت حاصل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے اس کے لیے انسانیت کی خدمت کا جذبہ نہایت ضروری ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد نوجوانوں کی محنت اور دیانت کے ذریعے صوبے کے درپیش سماجی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے عوام خوش نصیب ہیں کہ ان کو سکھر آئی بی اے جیسا ادارہ ملا ہے۔

انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کی بہتر تعلیم اور تربیت کی تعریف کرتے ہوئے ادارے کے لیے چار کروڑ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ حکومت آئندہ بھی اس ادارے کی ہر قسم کی مدد جاری رکھے گی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم سمیت ہر شعبے کی ترقی اور مثبت اضافے کے لیے رقم خرچ کررہی ہے جس کی مثال گزشتہ 50 سالوں میں نہیں ملتی اس سے قبل سکھر آئی بی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر نثار احمد صدیقی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ سکھر آئی بی اے بزنس ایڈمنسٹریشن ، الیکٹرک انجینئرنگ ، کمپیوٹر سائنس ، میتھا میٹکس اور دیگر انتہائی اہم شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم دینے سے سندھ میں ایک خاموش انقلاب لایا گیا ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد دیہات اور پسماندہ علاقوں کے رہنے والے غریب خاندانوں کی نسلوں کو جدید تعلیم دے کر صوبے کی شہری اور دیہات کے علاقوں میں غریب اور امیر افراد کے درمیان موجودہ فرق کو ختم کرنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :