Live Updates

سندھ تعلیم کے شعبے میں جلد تمام صوبوں سے آگے نکل کر رہنما کے طور پر کردار ادا کرے گا ،قائم علی شاہ

حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 12 مارچ 2016 22:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ سندھ جو کچھ سال قبل تک تعلیم کے شعبے میں ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت پیچھے رہ گیا تھا بہت جلد تمام صوبوں سے آگے نکل کر رہنما کے طور پر کردار ادا کرے گا نہ صرف یہ بلکہ سندھ صوبہ کا تعلیمی نظام دور دراز کے چھوٹے علاقوں کے لیے مثال ثابت ہوگا کیونکہ صوبے کے منتخب حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

ہفتہ کے روز یہاں سکھر انسٹیٹیویٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سال 2016 کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح سندھ صوبے میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کو مواقع فراہم کرنے اور وسیلوں کو بہتر نمونے سے استعمال کیا جائے انہوں نے کہا کہ سکھر آئی بی اے کی مثالی کارکردگی پر سندھ کے عوام کو فخر ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تعلیم حاصل کرنے والے گریجویٹ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کریں کسی بھی شعبے کی اہمیت کم نہیں ہے انہوں نے کہا کہ صرف اچھی ملازمت حاصل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے اس کے لیے انسانیت کی خدمت کا جذبہ نہایت ضروری ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد نوجوانوں کی محنت اور دیانت کے ذریعے صوبے کے درپیش سماجی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنا ہوگا انہوں نے کہا کہ سکھر کے عوام خوش نصیب ہیں کہ ان کو سکھر آئی بی اے جیسا ادارہ ملا ہے انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کی بہتر تعلیم اور تربیت کی تعریف کرتے ہوئے ادارے کے لیے چار کروڑ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ حکومت آئندہ بھی اس ادارے کی ہر قسم کی مدد جاری رکھے گی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم سمیت ہر شعبے کی ترقی اور مثبت اضافے کے لیے رقم خرچ کررہی ہے جس کی مثال گزشتہ 50 سالوں میں نہیں ملتی اس سے قبل سکھر آئی بی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر نثار احمد صدیقی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ سکھر آئی بی اے بزنس ایڈمنسٹریشن ، الیکٹرک انجینئرنگ ، کمپیوٹر سائنس ، میتھا میٹکس اور دیگر انتہائی اہم شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم دینے سے سندھ میں ایک خاموش انقلاب لایا گیا ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد دیہات اور پسماندہ علاقوں کے رہنے والے غریب خاندانوں کی نسلوں کو جدید تعلیم دے کر صوبے کی شہری اور دیہات کے علاقوں میں غریب اور امیر افراد کے درمیان موجودہ فرق کو ختم کرنا ہے انہوں نے کہاکہ سکھر آئی بی اے دس سالوں کے مختصر عرصے میں ایک ایسا ادارہ بن چکا ہے جہاں ملک کی یونیورسٹیز کی طرح بے روزگار نوجوان پیدا کرنے کے بجائے ایسے گریجویٹس تیار کیے ہیں جو فوری طور پر سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں میں روزگار حاصل کررہے ہیں انہوں نے بتایا کہ اس ادارے نے بیشتر نئے پروگرام تیار کیے ہیں جس کے تحت زرعی شعبوں کے لیے گریجویٹس تیار کیے جائیں گے اس سلسلے میں فیصل آباد میں مشہور زرعی یونیورسٹی سے معاہدہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ امریکی نظام تعلیم سے متاثر ہوکر کمیونٹی کالج کے پروگرام شروع کیے ہیں جس کے تحت بنیادی تعلیم کے ساتھ فنی تعلیم کو اولیت دی جارہی ہے ۔

پروفیسر نثار احمد صدیقی نے مزید کہا کہ اس ادارے نے تبدیلی لانے والے ادارے کی حیثیت حاصل کرلی ہے اور اب اس کا شمار پاکستان کے 5 انتہائی اہم تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ ، فرانس ، چین سمیت یورپی ممالک کے شعبوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں سے رابطے میں ہیں تاکہ نوجوانوں کے لیے بر وقت پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں کیونکہ 95 فیصد روزگار کے مواقع ایسے شعبوں میں موجود ہیں انہوں نے سکھر آئی بی اے کو کامیاب بنانے میں سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سید خورشید احمد شاہ کی ذاتی کوششوں کو سراہا،کانووکیشن میں 150 گریجویٹس کی تعلیم مکمل کرنے پر اسناد دی گئی ، مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 9 طلبہ اور طالبات کو سونے اور 3 طلبہ و طالبات کو چاندی کے میڈل دیے گئے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات