حکومت پنجاب صوبہ بھر کی زمینوں کے ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے ہرممکن اقدام کررہی ہے تاکہ عوام کو ریونیو کے معاملات تک رسائی ممکن ہوسکے اور وہ اپنی زمینوں کے کمپیوٹرائزڈ دستاویزات حاصل کرسکیں

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کی لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر اٹک میں پریس کانفرنس

ہفتہ 12 مارچ 2016 21:40

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء ) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر کی زمینوں کے ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے ہرممکن اقدام کررہی ہے تاکہ عوام کو ریونیو کے معاملات تک رسائی ممکن ہوسکے اور وہ اپنی زمینوں کے کمپیوٹرائزڈ دستاویزات حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر اٹک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرڈی سی او چوہدری حبیب اﷲ، اے ڈی سی کپٹن ریٹائرڈ اکرام الحق، اسسٹنٹ کمشنر سید نذارت علی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے، شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کچھ عرصہ قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پرلینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم قائم کیا تھا جس کا مقصد صوبہ بھر کی زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنا ہے، پنجاب بھر کی 143 تحصیلوں میں نئی شاندار بلڈنگز یعنی اراضی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں،پنجاب بھر کے90 فیصد دیہی مواضعات کمپیوٹرائزڈ ہوچکے ہیں،50 لاکھ سے زائد اغلاط کی ریونیو ریکارڈ میں درستگی کی گئی ہے، اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے سے اب عوام اپنی زمینوں کے متعلق کمپیوٹرائزڈدستاویزات حاصل کرسکیں گے، ڈی سی اونے کہا کہ ضلع بھر میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی5 فیصد بھی30 مارچ تک مکمل ہوجائے گا، اے سی سید نذارت علی نے اس موقع پر کہا کہ ہر مالک اراضی کو30 منٹ سے کم وقت میں فرد کا اجراء کیا جارہا ہے، انتقالات کے اندراج اور تصدیق کا عمل50 منٹ میں مکمل کیا جاتا ہے، شکایات کے سلسلے میں فری کال سنٹر کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس ضمن میں ہیلپ لائن 057-9316271اور ویب سائٹ punjab-zameen.gov.pkقائم کی گئی ہے، تحصیل اٹک کے52 مواضعات میں سے 49 کمپیوٹرائزڈ کردیے گئے ہیں تقریباً4 ہزار کھیوٹ کے مسائل حل کیے گئے ہیں، اربن مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن کے لیے الگ سے پراجیکٹ30 جو ن2016 سے کام شروع کردے گا،وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر صوبہ بھر میں قائم کیے گئے ہیں جو ضلعی انتظامیہ اور ریونیو کے عملے کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، ان سنٹرز سے عوام کو اپنی جائیداد کے فرد ملکیت، انتقالات اور دیگر دستاویزات فراہم کی جارہی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایسا سسٹم بھی مرتب کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو دوبارہ کسی قسم کی شکایت نہ ہو، انہوں نے کہاکہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ سنٹر میں عوام کی راہنمائی کے لیے مدد گار ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ نئے آنے والے افراد کو موثر راہنمائی فراہم کی جاسکے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے اس موقع پرلینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر اٹک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا یہ اقدام تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا جس کی وجہ سے عوام کو سہولیات میسر ہوئی ہیں اور ان کو پرانے نظام سے چھٹکارہ حاصل ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سنٹر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات نافذ کرنے کا نظام جاری رہے گا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں گی۔

متعلقہ عنوان :