وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کوریا کے سفیر سانگ جانگ ہوان کی ملاقات

تعلیم،سکل ڈویلپمنٹ،صحت،سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور کوریا معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیں‘مختلف شعبوں میں کوریا کی جانب سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب صحت،سکل ڈویلپمنٹ اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں‘سفیر کوریا

ہفتہ 12 مارچ 2016 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں کوریا کے سفیر سانگ جانگ ہوان (Mr. Song Jong-Hwan) نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ،تعلیم،سکل ڈویلپمنٹ،صحت،سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوااورکوریا نے صحت،سکل ڈویلپمنٹ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے شعبوں میں پنجاب حکومت سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کوریا کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ اور معاشی روابط موجود ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور کوریا معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونو ں ملکو ں کے مابین تجارتی و معاشی روابط میں مزید اضافہ ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صحت،سکل ڈویلپمنٹ اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے شعبوں میں کوریا کی جانب سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کیلئے کوریا کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے فروغ کیلئے کوریا کی تکنیکی معاونت سے فائدہ اٹھائیں گے۔کورین سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔پنجاب حکومت کیساتھ صحت،سکل ڈویلپمنٹ اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔