شام اور عراق سے داعش کے جنگجوؤں کاجعلی پاسپورٹس پر یورپ داخلے کا انکشاف

آسٹریا میں گرفتار دو افراد 3 اکتوبر کو یونان کے راستے جعلی شناخت پر داخل ہوئے،یوپی یونین کوآرڈنیٹر

ہفتہ 12 مارچ 2016 21:02

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) یورپی یونین کے ممالک کی وزارت داخلہ کونسل نے داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے عراقی اور شامی پاسپورٹ حاصل کرنے اوریورپ کے مختلف ممالک میں داخل ہونے سے پیدا ہونے والے سیکورٹی خطرات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی کے امور سے متعلق یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے کونسل کے وزراء کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں یونین کے رکن ممالک پر اس مسئلے کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

اس موقع پر فرانس نے تجویز پیش کی کہ شناختی دستاویزات کی ٹکنالوجی کے خصوصی ماہرین کویونان اور اٹلی میں تارکین وطن اور مہاجرین کی چھانٹی کے مراکز بھیجا جائے تاکہ سیکورٹی کا نمایاں خطرہ بن جانے والے اس مسئلے سے نمٹا جاسکے۔

(جاری ہے)

پیرس حملوں کی تحقیق کرنے والے فرانسیسی تحقیق کار دو خودکش حملہ آوروں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔یہ دونوں افراد شامی پاسپورٹ کے ذریعے ملک میں داخل ہوئے تھے جب کہ بعد میں واضح ہوگیا کہ دونوں حملہ آور عراقی تھے۔

سیکورٹی تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ آسٹریا میں گرفتار دو افراد 3 اکتوبر کو یونان کے راستے جعلی شناخت پر داخل ہوئے۔شک ہے کہ یہ دونوں افراد اس چوتھے گروپ کے ارکان ہوسکتے ہیں جو ممکنہ طور پر پیرس حملوں کی منصوبہ بندی کا حصہ تھا یا پھر کسی دوسرے یورپی ملک میں دہشت گرد حملوں کی تیاری کررہا تھا۔سیکورٹی ذرائع نے انٹرپول کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام اور عراق میں سرکاری صدر دفاتر سے چوری کیے جانے والے پاسپورٹوں کی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار سے زیادہ ہے۔ ان میں بعض پاسپورٹ تارکین وطن کی یونان اسمگلنگ میں استعمال ہوئے۔

متعلقہ عنوان :