لیبیامیں نیٹوکارروائی کے دوران کیمرون اورسارکوزی نے غیرذمہ داری کا مظاہر ہ کیا،امریکی صدرکی تنقید

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:42

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء)امریکی صدر باراک اوبامانے کہاہے کہ معمر قذافی کے دور میں لیبیا میں نیٹو کی فوجی مداخلت کے دوران برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی توجہ اصل مقصد سے ہٹ گئی تھی جبکہ فرانسیسی صدر سارکوزی اپنے ملک کی تشہیر کرنا چاہتے تھے،امریکی صدر اوباما نے یہ بات جریدے دا اٹلانٹک کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں کہی ۔

اس سوال کے جواب میں کہ لیبیا میں یا لیبیا کے حوالے سے غلطی کہاں پر ہوئی، باراک اوباما نے کہاکہ تنقید کی جگہ تو موجود ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے کہ لیبیا کے بارے میں اس ملک سے جغرافیائی طور پر قریب ہونے کے باعث مجھے یورپی ملکوں پر بہت اعتماد تھا۔امریکی صدر نے کہاکہ لیبیا میں فوجی آپریشن کے فوراً بعد ڈیوڈ کیمرون نے اس طرف توجہ دینا بند کر دی تھی، ان کا دھیان بٹ کر کئی دوسری باتوں کی طرف لگ گیا تھا۔

فرانس کے کردار کے بارے میں صدر اوباما نے کہاکہ اس فضائی مہم کے دوران صدر سارکوزی فرانسیسی طیاروں کی پروازوں کا ڈھول پیٹنا چاہتے تھے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ تب تک ہم نے لیبیا کے پورے فضائی دفاعی نظام کا صفایا کر دیا تھا اور اس آپریشن کے لیے ہر طرح کا انفراسٹرکچر بھی مہیا کر چکے تھے۔