عرب لیگ کے اجلاس میں عراق نے حزب اﷲ کی حمایت کردی

شیعہ ملیشیا حشد الشعبی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،عراقی سفیر/سعودی سفیر کا بائیکاٹ

ہفتہ 12 مارچ 2016 19:37

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) مصر میں عرب لیگ کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں عراقی وزیرخارجہ ابراہیم الجعفری کی جانب سے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اﷲ کی حمایت پر سعودی عرب نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس کے دوران جب عراقی وزیرخارجہ نے حزب اﷲ کی تعریف و توصیف شروع کی تو عرب لیگ میں خادم الحرمین الشریفین کے مندوب احمد بن عبدالعزیز قطان نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ عراقی شیعہ ملیشیا حشد الشعبی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عراقی وزیرخارجہ نے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اﷲ پرعاید الزامات کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اﷲ بھی عرب دنیا کی نمائندہ ہے۔ حزب اﷲ اور حشد الشعبی نے عرب اقوام کی عزت وقار اور ان کے تحفظ کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہیں دہشت گرد قرار دینے والے خود دہشت گرد ہیں۔ابراہیم الجعفری کی تقریر کے دوران سعودی عرب کے مندوبین نے اجلاس کا واک آؤٹ کر دیا تاہم جب انہوں نے اپنی تقریر مکمل کی تو سعودی وفد واپس اجلاس میں آ گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :