سفارشی کرکٹروں پر پابندی لگ گئی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 12 مارچ 2016 19:08

سفارشی کرکٹروں پر پابندی لگ گئی

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مارچ۔2016ء)ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن لکی مروت نے خیبر پختونخوا یوتھ انڈر23گیمز2016کے لئے کرکٹ ٹیم میں سفارشی کھلاڑیوں کی شمولیت پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کھیلوں میں حصہ لینے والے ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی۔

(جاری ہے)

پابندی کی زد میں آنے والے کھلاڑی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کسی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرفقیر محمد منیر نے بتایا کہ میرٹ پر آنے والے کھلاڑیوں کو چھوڑ کر سفارشی کھلاڑی کرکٹ ٹیم میں شامل کئے گئے اس کے علاوہ ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کے لئے ریفریشمنٹ کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا یہاں تک کہ پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں تھا انہوں نے الزام لگایا کہ سلیکٹرز کی طرف سے کرکٹ ٹیم کے لئے چنے گئے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرکے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے سفارشی کھلاڑی شامل کئے یہی نہیں بلکہ ٹرائلز اور کیمپ کے انعقاد کے لئے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کو ایک پائی تک نہیں دی گئی انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ کی خلاف ورزی سفارشی کھلاڑیوں کی شمولیت اور ٹرائلز کے لئے غیر تسلی بخش انتظامات پر کرکٹ ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا گیمز کا بائیکاٹ کیا اور اپنے ساتھ رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ ان کھیلوں میں حصہ نہ لیں انہوں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے اور ڈی ایس او کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جن رجسٹرڈ کھلاڑیوں نے کھیلوں میں حصہ لیا ہے وہ ایسوسی ایشن سے خارج تصور ہوں گے اور وہ کسی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔