بھارت عرب امارات سے خوراک کے بدلے تیل لے گا

اماراتی حکام سے مذاکرات جاری ہیں جلد حتمی فیصلہ ہوجائیگا،بھارتی وزیرتیل

ہفتہ 12 مارچ 2016 18:11

بھارت عرب امارات سے خوراک کے بدلے تیل لے گا

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) بھارت نے کہاہے کہ وہ متحدہ عرب امارات سے خوراک کے بدلے تیل لے گا،اس سلسلے میں یواے ای سے اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں جو جلد مکمل ہوجائیں گے اورمعاہدے پر کام شروع ہوجائیگا،مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارتی وزیر تیل دھرمیندر پردھان کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت اورخلیجی ممالک کے درمیان تیل کے بدلے خوراک کا تبادلہ کیا جارہا ہے تاہم یہ خیال ابھی نیا ہے لیکن نئی دہلی حکومت اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات سے ابتدائی بات چیت کر چکی ہے۔

بھارت کے اس اقدام کا مقصد اپنے تیل کے اسٹریٹجک ذخائر کو تقویت فراہم کرنا اور تیل کی درآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔دھرمیندر پردھان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور ابوظہبی کے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زید النہیان اس موضوع پر دو مرتبہ گفتگو کر چکے ہیں، ان ملاقاتوں میں مختلف ماڈلز پر گفتگو ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر تیل کا کہنا تھاکہ وہ ہم سے خوراک خرید سکتے ہیں۔ اسے وہ بھارت میں یا پھر اپنے ملکوں میں اسٹاک کر کے رکھ سکتے ہیں جبکہ ہم ان سے تیل خرید کر اپنے اسٹرٹیجک ذخائر میں رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح کا کوئی بھی معاہدہ بھارتی کسانوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا کیوں کہ ان کو ایک نئی منڈی دستیاب ہو جائیگی۔

متعلقہ عنوان :