افغانستان ، سیکورٹی فورسز کے آپریشن اور جھڑپوں میں داعش اور طالبان کے 53جنگجو ہلاک ، متعدد زخمی

کابل میں راکٹ حملے اورتخار میں خودکش حملے کی کوشش ناکام ، طالبان کے ہاتھوں اغواء ہونے والے 11 شہری رہا ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 24جنگجو ہلاک ، انکا اسلحہ تباہ کردیا گیا،سیکورٹی فورسز کے آپریشن کلیرنس میں سینئر طالبان کمانڈر سمیت 10 جنگجو ہلاک ،بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا،سیکورٹی حکام

ہفتہ 12 مارچ 2016 17:16

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء ) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن اور جھڑپوں کے دوران داعش اور طالبان کے 53جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش اور راکٹ حملے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ چند روز قبل طالبان کے ہاتھوں اغواء ہونے والے 11 شہریوں کو رہا کرالیا گیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 24جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ انکا اسلحہ تباہ کردیا گیا ۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ داعش جنگجوؤں نے ضلع آچن کے علاقے دیہ سراک اور پنسار میں سیکورٹی فورسز پر حملے کیے ہیں تاہم انھیں ناکام بنادیا گیا ۔ سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں داعش کے 24 جنگجو مارے گئے جبکہ انکا اسلحہ بھی تباہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران داعش جنگجو اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔دریں اثناء افغان نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن کلیرنس کے دوران طالبان کے سینئر کمانڈر سمیت 10 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

وزار ت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیکورٹی فورسز نے بلغ،تخار اور کپیسا میں آپریشن کیے ہیں اس دوران ایک جنگجو زخمی بھی ہوا جبکہ 7 کو گرفتار کرلیا گیا ۔سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔2 طالبان جنگجو بلغ کے ضلع کشندی میں مارے گئے جبکہ 7 کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 2 اے کے رائفلز۔

5000ہزار اؤنڈز برآمد کرلیے گئے ۔صوبہ ہلمند میں سیکورٹی فورسزکے ساتھ جھڑپوں میں 19طالبان جنگجو ہلا ک ہوگئے ۔وزارت دفاع کے مطابق 10عسکریت پسند ضلع گریشک میں مارے گئے ۔9 عسکریت پسند ضلع خان شن میں آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے ۔وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ 11 طالبان جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ادھر ہلمند میں کار بم دھماکے میں ایک خودکش بمبار ہلا ک اور ایک زخمی ہوگیا۔

وزار ت دفاع کے مطابق خودکش حملہ آور وں نے لشکر گاہ شہر میں ایک گاڑی میں دھماکہ خیز مواد کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک بمبار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔افغان انٹیلی جنس این ڈی ایس نے شمال مشرقی صوبہ تخار میں خودکش حملے کی کوشش ناکا م بنادی ۔این ڈی ایس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ محمد فاروق الیاس عثمان نامی بمبار جو طالبان کا خودساختہ گورنر ہے حملے کیلئے تیار تھا جسے گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب افغان پولیس فورسز نے کابل شہر میں راکٹ حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 بی ایم ون راکٹ برآمد کرلیے۔کابل پولیس چیف جنرل عبدالرحمان رحیمی کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے راکٹوں کو ناکارہ بنادیا گیا ہے ۔ادھر شمالی صوبہ سرائے پل میں چند روز قبل طالبان کی طر ف سے اغواء ہونے والے 11شہریوں کو رہا کردیا گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مغویوں کی رہائی مقامی عمائدین کی مدد سے عمل میں لائی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :