یمن میں اتحادیوں کی بمباری، حزب اللہ کے 3 ارکان ہلاک

ہفتہ 12 مارچ 2016 15:24

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء) یمن میں اتحادیوں کی بمباری میں حزب اللہ کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کی جنگ میں شریک لبنانی تنظیم حزب اللہ کی ملیشیا نے اپنے 3 ارکان کے مارے جانے کا اعلان کیا ہے۔تنظیم کی جانب سے مقتول ارکان کی شہریت اور جائے ہلاکت نہیں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

لبنان میں حزب اختلاف کی ایک ویب سائٹ "جنوبیہ" نے خود کو حاصل خصوصی معلومات کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تینوں ارکان یمن میں حوثی باغیوں کے ایک ٹھکانے پر عرب اتحادی افواج کے طیاروں کی بمباری کے دوران مارے گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں عباس حیدر کا تعلق جنوبی قصبے الدویر سے، محمد سلمان کا تعلق جنوبی قصبے مجدل زون سے اور علی الشامی کا البقاع کے شہر الھرمل سے ہے۔