غزہ پراسرائیلی لڑاکا طیاروں کا حملہ ، 10 سالہ فلسطینی بچہ شہید ، بہن شدید زخمی ہو گئی

ہفتہ 12 مارچ 2016 15:24

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء )فلسطینی شہر غزہ پراسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حملے میں 10 سالہ فلسطینی بچہ شہید اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی ادھر اسرائیلی پولیس نے مغربی اردن میں فلسطینی ٹی وی چینل کے دفتر پر چھاپہ مار کر اسے بند کردیا جبکہ منیجر کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ ہے فلسطینی شہر غزہ پراسرائیلی لڑاکا طیاروں کے حملے میں10 سالہ یاسین سلیمان ابوخوصہ شہید جبکہ اس کی 6 سالہ بہن یاسمین شدید زخمی ہو گئیں۔

دونوں بچے اس وقت اسرائیلی بربریت کا شکار ہوئے جب اس کے جنگی طیاروں نے بیت لاھیا میں ایک عسکری اہمیت کے ٹھکانے کو نشانہ بنانا چاہا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے متاثرہ علاقے پر پانچ حملے کئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پر متعدد میزائل فائر کئے گئے جس سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ میزائل حملوں سے کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔اسرائیلی اعداد وشمار کے مطابق دو ہزار چار غزہ پر اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے بعد سے حماس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر کم سے کم 30 میزائل داغے ہیں۔ حالیہ چند مہینوں سے ایسے حملوں کی ذمہ داری متعدد مسلح گروپ تسلیم کرتے چلے آ رہے ہیں، تاہم اسرائیل کی ان حملوں کی ذمہ داری اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے کاندھوں پر ہی ڈالتا چلا آ رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی اردن میں فلسطینی ٹی وی چینل ”فلسطین ٹو ڈے“ کے دفتر پر چھاپہ مار کر اسے سیل کردیا جبکہ اسکے 34 سالہ منیجر فاروق عائلات کو گرفتار کر لیا۔اسرائیل کی داخلی سلامتی کے ادارے شین بیت نے الزام عائد کیاہے کہ’فلسطینی ٹی وی چینل مغربی کنارے میں جہاد اسلامی کی جانب سے لوگوں کو ترغیب دینے کے لیے استعمال ہورہا تھا اور وہ اسرائیل اور اس کے شہریوں پر حملوں پر اکسا رہا تھا۔