واٹس ایپ میں کئی نئے فیچرز متعارف

ہفتہ 12 مارچ 2016 13:30

واٹس ایپ میں کئی نئے فیچرز متعارف

نیو یارک ۔ 12 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مارچ۔2016ء) واٹس ایپ نے کافی نئے فیچرز متعارف کرا دیئے ہیں جو دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ کا استعمال مزید بہتر بنا دیں گے۔ واٹس ایپ کے نئے فیچرز سے صارفین کو کافی مدد ملے گی جبکہ چند مسائل سے بھی نجات مل جائے گی۔ ان نئے فیچرز میں سب سے فائدہ مند نیا فوٹو شیئرنگ فیچر ہے اور اب اپنے فوٹو البم تک محدود رہنے کی بجائے صارفین ڈراپ باکس، گوگل ڈرائیو اور مائیکروسافٹ ون ڈرائیو میں محفوظ تصاویر کو بھی واٹس ایپ میں شیئر کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

بس ان پلیٹ فارمز کی ایپس آپ کے فون میں انسٹال ہونی چاہئیں۔ اسی طرح اب آپ دستاویزات کو بھی شیئر کرسکیں گے اور ای میل کی ضرورت باقی نہیں رہے گی تاہم دستاویزات کو بھیجنے کے لیے بھی گوگل ڈرائیو، ڈراپ باکس یا ا یسی ہی دیگر سروسز کی ضرورت ہوگی۔ و اٹس ایپ نے اپنی ویڈیوز کو بھی بہتر کیا ہے اور اب صارفین اسے دیکھتے ہوئے زوم ان بھی کرکے قریب سے اس کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ د یگر فیچرز میں نئے مختلف رنگوں کے وال پیپرز اور تیکنیکی اپ ڈیٹ وغیرہ قابل ذکر ہیں جو آئی فون میں اسٹوریج اسپیس کو تحفظ دے گی۔ یہ فیچرز آئی او ایس اور اینڈرائیڈ فونز پر دستیاب ہیں بس صارفین کو واٹس ایپ ورڑن کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔