جنوبی سوڈان میں ہزاروں افراد کی ہلاکت، انسانی حقوق کمیشن

ہفتہ 12 مارچ 2016 13:26

اقوام متحدہ ۔ 12 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مارچ۔2016ء) جنوبی سوڈان میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد مارے گئے ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جنوبی سوڈان میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان جھڑپوں کی بناء پر جنوبی سوڈان کی تقریبا نصف آبادی اپنا گھربار چھوڑنے اور دیگر ملکوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی سوڈان کے ہزاروں افراد سینٹرل افریقہ میں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں سخت حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ جنوبی سوڈان کی46 لاکھ افراد کی آبادی ایسے علاقوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہے جہاں امداد پہنچانا ناممکن ہے۔ اقوام متحدہ کے حکام نے جنوبی سوڈان میں متحارب فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے اختلافات اور مسائل کو حل کریں۔ واضح رہے کہ جنوبی سوڈان، دو ہزار گیارہ میں سوڈان سے علیحدہ ہوا ہے جہاں 2013 سے صدر اور نائب صدر کے درمیان اختلافات کے نتیجے میں خانہ جنگی جاری ہے۔