موٹروے پولیس نے رات کے وقت حادثات کے خطرات کو کم کرنے کیلئے گاڑیوں کی تیز رفتاری کے جائزہ کیلئے نائٹ وژن کے 50 کیمرے نصب کردیئے ہیں

موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد سلیم بھٹی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کو بریفنگ

جمعہ 11 مارچ 2016 22:06

موٹروے پولیس نے رات کے وقت حادثات کے خطرات کو کم کرنے کیلئے گاڑیوں کی ..

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء) موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد سلیم بھٹی نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس ملک بھر میں ٹریننگ کالج اور سنٹر کھولے گی، موٹروے پولیس نے رات کے وقت حادثات کے خطرات کو کم کرنے کیلئے گاڑیوں کی تیز رفتاری کے جائزہ کیلئے نائٹ وژن کے 50 کیمرے نصب کر دیئے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ سفر کی سہولت یقینی بنائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو رکن قومی اسمبلی سفیان یوسف کی صدارت میں قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پچاس کیمروں کی مدد سے خصوصاً رات کو ہونے والے حادثات میں کمی لانے میں مدد ملے گی جبکہ موٹروے پولیس کے وارڈنز کے زیر استعمال 291 گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم نصب کر دیئے گئے ہیں، وارڈنز کو ہدایات کی گئی ہیں کہ کسی بھی گاڑی کو ٹریکنگ کے دوران کسی پوائنٹ پر 30 منٹ سے زیادہ نہ روکا جائے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری مواصلات خالد مسعود نے کہا کہ وزارت مواصلات موٹروے اور قومی شاہرات کے مختلف مقامات پر ٹراما سنٹرز اور ہسپتالوں کے قیام کیلئے معاملہ کو وزارت صحت کے ساتھ اٹھائیں گے۔ این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے اس موقع پر کمیٹی کو بتایا کہ تخت بائی اوورہیڈ برج پر 53 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، باقی کام کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ اس اوورہیڈ برج کی تکمیل بعض وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔ پل کے اطراف میں رہئاشی چاہتے ہیں کہ پل کے نیچے کمرشل سرگرمیوں کیلئے 11 سپین اضافی تعمیر کئے جائیں جس کیلئے حکومت کے پی کے اور مقامی منتخب نمائندوں کی طرف سے بھی سفارشات کی گئی ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے بریفنگ کے بعد وزارت مواصلات کو اپنی سفارشات میں کہا کہ ٹریننگ سنٹروں اور کالجز کے قیام کیلئے بلوچستان اور سندھ کو ترجیح دی جائے۔

پشاور سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی موجودہ سہولیات کا دائرہ کار اس حوالے سے بڑھایا جائے۔ روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے نصاب میں سفر اور سفری قوانین کی تعلیم دی جائے۔ کمیٹی نے این ایچ اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اوورلوڈنگ اور دیگر اقدامات کے تحت قبضہ میں لئے گئے تمام سامان کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے اور ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ مقامی شہریوں کی خواہشات کے احترام میں ان کے مطالبہ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ قائمہ کمیٹی نے اجلاس میں رکن اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے کر اوورہیڈ پل کی تکمیل کے کام کے معائنہ کیلئے جائے تکمیل کا دورہ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :