تعلیم و تربیت دینے والے ادارے پاکستان کاحقیقی سرمایہ ہیں،اکرم ذکی

کرلوٹ ریذیڈنشل کی چودھویں سالانہ تقریب میں ڈپٹی میئر رفعت چودھری نے انعامات تقسیم کئے

جمعہ 11 مارچ 2016 21:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) ممتاز دانشور سابق سینیٹر اکرم ذکی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بچوں کو مغرب پسند اور مغرب بیزار ماحول سے محفوظ رکھ کر ایسی تعلیم و تربیت کی دولت سے بھرپور کرنا ہے جس سے نونہال اچھے پاکستانی اور سچے مسلمان بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کرلوٹ ریذیڈنشل سکول اینڈ کالجز چھتر پارک کے 13 ویں سالانہ یوم والدین اور تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کیا۔

صدارت ڈپٹی میئررفعت چودھری نے کی، پروگرام میں یونین کونسل بھارہ کہو ملک اشتیاق‘ چیئرمین یو سی پہل گراں وقار ممتاز‘ چیئرمین اعزازی بورڈ آف گورنرکرلوٹ سکول حاجی حق نواز‘ سینئر ممبران نوید عباسی اور ملک مرتضیٰ سمیت سینئر اساتذہ ‘ والدین اور معززین علاقہ شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ لٹریسی مہم تعلیم یافتہ معاشرے کا سنگ میل ہے جب تک ہم اپنے بچوں کو خواندہ اور تعلیم و تربیت کے دائرے میں نہیں لاتے اس وقت تک خواندہ پاکستان کا خواب تشنہ تکمیل رہے گا۔

انہوں نے کرلوٹ جیسے پسماندہ علاقے میں علم و آگہی کی روشنی عام کرنے اور خواندگی کی دولت تقسم کرنے پر پرنسپل پروفیسر نثار چودھری اور ان کی تدریسی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ڈپٹی میئر رفعت چودھری نے کہا کہ انہیں آج کرلوٹ گاؤں کی بہتر حالت دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے 8 کنال پر مشتمل سپورٹس سٹیڈیم دیکھ کر سکول انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

یقیناً کرلوٹ کالج کا یہ تعمیری قدم طلباء اور اساتذہ کے لئے اعزاز ہے۔ خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل پروفیسر نثار چودھری نے بتایا کہ 20 برس قبل انہوں نے جس علمی مشن کا آغاز کیا کہ آج وہ کاررواں تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ بعدازاں مہمان خصوصی اکرم ذکی اور ڈپٹی میئر رفعت چودھری نے 500 مثالی طلباء و طالبات کو غیرمعمولی کارکردگی پر ایکسی لینس ایوارڈ اور اساتذہ میں کیش پرائز تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :