چیئرمین سی ڈی اے کا راول ڈیم کے گرد و نواح میں سرکاری اراضی کا جائزہ

وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری اراضی کو واگزار کرایا جائے گا،معروف افضل

جمعہ 11 مارچ 2016 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل ،سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ان اور دیگر سینئر افسران نے جمعہ کے روز راول ڈیم کے گرد و نواح میں واقع سرکاری اراضی کا جائزہ لیا جہاں غیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے سرکاری اراضی پر قبضے کا نوٹس لینے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اس جگہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر سی ڈی اے بورڈ ممبران اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مذکورہ مقام کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر اس سرکاری اراضی کو نہ صرف واگذار کرایا جائے گا بلکہ اسلام آباد کے تمام علاقوں میں بنائی گئی ناجائز تجاوزات اور تعمیرات کو بھی ختم کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ راول ڈیم کے اردگرد اس سرکاری اراضی کا تازہ سروے اور نشاندہی کی جائے گی اور تازہ سروے اور نشاندہی تک اس جگہ پر مزید کسی بھی قسم کی تعمیرات بالکل نہیں کرنے دی جائیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں راول ڈیم کے گرد یہ جگہ حاصل کی گئی تا ہم تازہ سروے اور نشاندہی کے بعد سرکاری اراضی کو واگذار کرانے کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئی تعمیرات اور تجاوزات کو روکنے کے لیے سی ڈی اے کے لینڈ ڈائریکٹوریٹ اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی ٹیمیں اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اس علاقے میں چیک پوسٹیں بنائیں گی جبکہ نگرانی کے عمل کو مزید موئثر بنایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ اگر یہ زمین سی ڈی اے کی ملکیت نہیں پھر بھی اس علاقے میں ناجائز تجاوزات اور تعمیرات کے ممکنہ طور پر ذمہ دار سی ڈی اے کے انوائرنمنٹ ونگ کے متعلقہ اہلکاروں کو معطل و تفصیلی انکوائری کی جائے گی تاکہ غفلت کا مظاہرہ کرنے اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہنے والے افسران اور ذمہ داروں کو قوانین کے مطابق سزا دی جا سکے ۔