مسلم لیگ (ن) میں کرپشن اور بدعنوانیوں کی بڑی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں، اسی وجہ سے نیب کو پنجاب میں کام نہیں کرنے دیا جارہا، پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر حاجی محمد گلزار اعوان کی کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 11 مارچ 2016 21:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر کرپشن اور بدعنوانیوں کی بڑی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں اور اسی وجہ سے ن لیگ نیب کو پنجاب میں کام نہیں کرنے دے رہی ․ آج نہیں تو کل ضرور ن لیگ کی کرپشن طشت ازبام ہوگی فرشتے بننے والے موجودہ حکمرانوں کے اصلی چہرے سامنے آئیں گے ․ پاکستان پیپلز پارٹی ماضی میں احتساب سمیت کسی قسم کے کیسوں سے گھبرائی ہے اور نہ آئندہ ہمیں کوئی خوف یا ڈر ہے ․ انہوں نے یہ بات امن ہاؤس پشاور روڈ راولپنڈی میں کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی لائی جا رہی ہیں اور پرانے چہرے ہی پاک صاف کرکے عوام کے سامنے لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں ․انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ماضی میں بھی ختم کرنے کی سازشیں ہوتی رہی ہیں اور ہمارے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں ․ ہماری جماعت آئیندہ الیکشن تک انشاء اﷲ اپنی نوجوان لیڈر شپ کی قیادت میں ملک کی واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی اور نئے لیبل کے ساتھ پیش کی جانے والی پرانی شراب کو مات دے گی ․ انہوں نے کہا کہ شریف برادران اپنے ہاتھوں سے لگائے جانے والے نیب افسران کی موجودگی میں اقتدار میں رہتے ہوئے احتساب کے عمل سے گزر جائیں تو یہ ان کیلئے اس سے کہیں بہتر ہوگا کہ وہ اقتدار سے الگ ہو کر احتساب کے شکنجے میں جکڑے جائیں ۔