Live Updates

عمران خان کی قیادت میں اشرافیہ کے 200ارب ڈالر واپس لائینگے،حسین نواز اچھی طرح جانتے ہیں کہ شریف خاندان کے اثاثوں کی اصل مالیت اس سے کہیں زیادہ ہے ،کالا دھن سفید کرنے والے ملک کے بیشتروزیروں مشیروں کی دولت ملک سے باہرہے،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا بیان

جمعہ 11 مارچ 2016 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب شاید یہ سمجھتے ہیں کہ اقتدار میں رہتے ہوئے ان پر کوئی ادارہ ہاتھ نہیں ڈال سکتا، حسین نواز نے پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کو جو چیلنج کیاہے اس کا جواب تو اس ملک کا عام شہری بھی دے سکتا ہے، جب کہ ان کو مزید تفصیلات چاہیے تو وہ نیب سے رجوع کرسکتے ہیں جن کے آج کل یہ خود ہی پرکاٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

عمران خان صاحب نے ان پر200ارب کی مالیت کے اثاثوں کی نشاندہی کی جو کہ ابھی بھی کم ہے حسین نواز اچھی طرح جانتے ہیں کہ شریف خاندان کے اثاثوں کی اصل مالیت اس سے کہیں زیادہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد علی سوسائٹی میں قائم پی ٹی آئی کے آفس سے جاری بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اس ملک میں ناجائز دولت لانے اور عوام سے لوٹے گئے پیسے کو ملک سے باہر بھجوانے کے لیے حکومتیں بنائی گئی ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ نواز لیگ نے کس طرح دونوں ہاتھوں سے اس ملک کے خزانے کو نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ جب بھی اقتدار میں آتی ہے ان کی اور ان کے اراکین اسمبلی کی دیوالیہ ہونے والی ملیں اور فیکٹریاں ترقی کرنے لگتی ہیں۔ کالا دھن سفید کرنے والے حکمرانوں سے پوری قوم اچھی طرح واقف ہے حسین نواز کا چیلنج چور مچائے شور کے محاورے کے مترادف ہے ۔ماضی کی طرح اس حکومت میں بھی فرضی لوگوں اور ان کے ناموں سے دولت کے ڈھیر لگائے گئے ،ہم یقین دلاتے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں ملکی خزانے کی ساری دولت ملک میں واپس لائینگے،انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتروزیروں مشیروں کی دولت ملک سے باہرہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات