خواتین کے حقوق کا تحفظ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے،سید عامر نجیب

جمعہ 11 مارچ 2016 20:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) جماعۃ السنہ پاکستان کے صدر سید عامر نجیب اور ناظم اعلیٰ سید اشرف قریشی نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ مغرب کی اندھی تقلید میں نہیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے ،پاکستان میں خواتین کی اکثریت کو عزت و احترام اور تحفظ کیا، جو معاشرے اخلاقی اعتبار سے تباہ حال ہوں وہاں مرد ، عورتیں ، بچے اور بوڑھے سب ہی امتیازی سلوک کا شکار ہوتے ہیں، انھوں نے کہا کہ جس معاشرے کو مردوں کا معاشرہ قرار دیا جاتا ہے وہاں خود مرد ذلت اور محکومیت کی زندگی بسر کر رہے ہیں،وہ گذشتہ روز مرکز ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آباد میں ورکنگ کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے،سید عامر نجیب نے کہا کہ مغرب کی خوشنودی کے لئے اُٹھائے گئے ایشوز اور قانون سازیاں کسی مثبت معاشرتی تبدیلی کا سبب نہیں ہو سکتیں، انھوں نے کہا کہ خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی ہمیں اپنے مسائل کو از خود سمجھتے ہوئے انکا حل نکالنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مغرب کی اندھی تقلید کی راہ پر پاکستانی عورتوں کو لگانے کی سازش ہو رہی ہے تاکہ اسے خاندانی تحفظ سے محروم کر کے کاروبار کی زینت بنایا جا سکے، انھوں نے کہا کہ خواتین سے ہونے والی زیادتیوں کی وجہ جہالت اور اسلام سے دوری ہے ۔ سید عامر نجیب نے کہا کہ جہالت اور بے دینی کا ازالہ فروغ علم اور تبلیغ اسلام کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے۔