اشیائے خوردنی میں ملاوٹ وجعلسازی کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، حاجی خالد سعید

ضلعی انتظامیہ انسداد ملاوٹ مہم کے خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں،چیئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس انسداد ملاوٹ

جمعہ 11 مارچ 2016 20:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق اشیائے خوردنی میں ملاوٹ وجعلسازی کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ انسداد ملاوٹ مہم کے خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے کیلئے موثر اقدامات کویقینی بنائے۔یہ بات چےئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسدادملاوٹ/ایم پی اے حاجی خالد سعید نے ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

مختلف متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔چےئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء میں جعلسازی اورملاوٹ معاشرے کا ایک ناسور ہے جس کے خاتمہ کیلئے حکومت پرعزم اندازمیں کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے دشمنوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے اورملاوٹ مافیا کے ٹھکانوں کا سراغ لگاکرانہیں نشان عبرت بنادیا جائے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ پیورفوڈ لائسنس کے اجراء میں تاخیراور بغیر لائسنس کے کھانے پینے کی اشیاء کاکاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلز اورریسٹورنٹس پرحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانوں کی تیاری کو چیک کیا جائے اورصحت کے منافی ماحول کے حامل ہوٹلز کو سیل کرنے سے اجتناب نہ کریں۔ چےئرمین ٹاسک فورس نے مربہ جات،مصالحہ جات،کیچپ،اچار،نمکو،مشروبات،فوڈ فیکٹریز،سویٹس شاپس،بیکریزاوردیگر دکانوں پر اشیاء کے معیارکوتسلسل کے ساتھ چیک کرنے پرزور دیا اور کہا کہ دودھ میں ملاوٹ وجعلسازی کو بھی موقع پرہی ٹیسٹ کیا جائے۔

ڈی سی اونادرچٹھہ نے انسدادملاوٹ مہم کی پیشرفت سے آگاہ کیا اوریقین دلایا کہ ضلع میں ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی کیلئے ٹھوس حکمت عملی پرکام کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :