متعلقہ محکمے ممکنہ شدید بارشوں کی سیلابی صورت حال سے نپٹنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل رکھیں،اعجاز خالق رزاقی

پانی کے اخراج اور کسی بھی ہنگامی حالت میں امدادی کارروائیوں کیلئے متعلقہ سازو سامان اور مشینری کو فعال رکھا جائے،قائمقام ڈی سی او فیصل آباد

جمعہ 11 مارچ 2016 20:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) ضلع میں متعلقہ محکمے ممکنہ شدید بارشوں کی سیلابی صورت حال سے نپٹنے کیلئے تمام تر تیاریوں کو مکمل رکھیں اس ضمن میں پانی کے اخراج اور کسی بھی ہنگامی حالت میں امدادی کارروائیوں کیلئے متعلقہ سازو سامان اور مشینری کو فعال رکھا جائے۔یہ ہدایت قائمقام ڈی سی او اعجازخالق رزاقی نے فلڈ کنٹرول پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پی ایچ اے،ریسکیو1122،محکمہ زراعت،صحت،تعلیم،سول ڈیفنس، کمیونٹی ڈویلپمنٹ،فوڈ،الائیڈ وسول ہسپتال،فیسکو،سوئی گیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

قائمقام ڈی سی او نے واسا افسران سے کہا کہ موجودہ اور آئندہ موسم میں ممکنہ شدید بارشوں میں نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے بلاتاخیر اخراج کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس چلانے کی ضروری تیاریاں مکمل ہونی چاہیے اورلوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹرز کا بندوبست کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برساتی نالوں کی صفائی اور سیوریج سسٹم/ڈسپوزل اسٹیشن کو فعال رکھنے کا بھی حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں نظر آنے چاہیں اور شاہرات کی صفائی کے ساتھ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ بارشوں /سیلاب وغیرہ کے باعث کسی بھی ایمرجنسی کیلئے میڈیکل سروسز الرٹ اور ادویات سمیت تمام تر طبی ضرویات کا بندوبست رکھیں۔انہوں نے ضرورت پڑنے پر ریلیف کیمپس کے قیام کیلئے پلاننگ کرنے اور وبائی امراض کے بچاؤ کیلئے حفاظتی واحتیاطی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قائمقام ڈی سی او نے کہا کہ تمام محکمے قائمہ ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ رہیں لہذافلڈکنٹرول تیاریوں میں کوئی کمی یاکوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :