سرکاری افسران حکومت کا قیمتی اثاثہ ہیں، سیکرٹری سروسز

ایم پی ڈی ڈی میں پاس آؤٹ ہونے والے افسران کی تقریب سے خطاب پاس آؤٹ ہونیوالے 36پی ایم ایس افسران میں کامیابی کے سرٹیفیکٹ تقسیم

جمعہ 11 مارچ 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) سیکرٹری سروسز فرحان عزیز نے کہاہے کہ سرکاری افسران ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی محنت ، دلجمعی اور قابلیت سے نہ صرف پنجاب گورنمنٹ کا نام روشن ہوگا بلکہ پاکستان کو بھی ایسے فرض شناس افسران پر فخر ہوگا- ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، حکومت پنجاب میں پی ایم ایس 6th کورس کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-فرحان عزیز نے کہا کہ پنجاب میں آفیسر ز کی تربیت کے لئے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا قیام خوش آئندہے -انہوں نے کہاکہ افسرا ن کو ٹریننگ کے لئے پہلے پشاور جانا پڑتا تھا اب انہیں پنجاب میں ہی تربیت کے مواقع میسر رہے ہیں-تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ندیم ارشاد کیانی نے بتایا کہ ایم پی ڈی ڈی سرکاری افسران کی تربیت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دتیاہے اور ان کے لئے ایسے کورس متعارف کروارہاہے جن سے نہ صرف ان کے کام میں بہتری آئے گی بلکہ ان کی شخصیت میں بھی نکھا ر پیدا ہوگا -ندیم ارشاد کیانی نے بتایا کہ ایم پی ڈی ڈی نے دور حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے چائنیز لینگوئج کورسز بھی متعارف کروائے ہیں- سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی نے تبایا کہ سرکاری افسران کی ٹریننگ کے لئے پاکستان کے بہترین تعلیمی اداروں بشمول لمز سے اساتذہ کو لیکچر کے لئے بلایا جاتاہے -تقریب میں پاس آؤٹ ہونے والے 36پی ایم ایس افسران میں کامیابی کے سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے نیز کھیلوں میں اعلی کارکردگی پر اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں-تقریب میں محکمہ ایم پی ڈی ڈی کے افسران کے علاوہ صوبائی حکومت کے متعدد حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی-