وزیراعلیٰ شہباز شریف سے گلوبل کارپوریٹ بینک ایشیا پیسیفک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگ زیب کی ملاقات

جمعہ 11 مارچ 2016 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں گلوبل کارپوریٹ بینک ایشیا پیسیفک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگ زیب نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت کو درست سمت پر گامزن کر دیا ہے اور پاکستان کے اکنامک انڈیکیٹرز میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں معاشی طور پر زیادہ مستحکم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کیا ہے اور پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ سب سے کم ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر گلوبل کارپوریٹ بینک ایشیا پیسیفک محمد اورنگ زیب نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب رواں دواں ہے اور پنجاب حکومت کے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل خوش آئند امر ہے۔

متعلقہ عنوان :