وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت ، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے‘ تعلیم، صحت اورپینے کے صاف پانی سمیت عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دینگے…… ’’پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے‘‘ دیہی آبادی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 11 مارچ 2016 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت ، اعلی معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ حکومت کی شفاف پالیسی کا اعتراف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیہی اور شہری علاقوں کیلئے ترقی کی متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے بڑے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

دیہی سڑکو ں کی تعمیر و بحالی سے دیہی معیشت کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ ’’پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے‘‘ دیہی آبادی کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔تعلیم و صحت کی سہولتوں کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اورفلاح عامہ کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اصلاحات کی ہیں۔ آئندہ اڑھائی برس میں تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت عوام کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے اور وزیر اعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ اراکین قومی اسمبلی پرویز ملک، حمزہ شہباز شریف ، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنرلاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔