بھارت کو کھیل کے حوالے سے بلیک لسٹ کرنا چاہیے، میدان کی پچ کھود نے والوں کے ضمیر کھودے ہوئی ہیں ، نیب کو ختم کرنے کا مطالبہ وہی کریں گے جو کرپشن کے ذریعے ملک لوٹ رہے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر نہال ہاشمی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 11 مارچ 2016 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت کو کھیل کے حوالے سے بلیک لسٹ کرنا چاہیے، جو کھیل کے میدان کی پچ کھودتے ہیں ان کی ضمیر کھودی ہوئی ہے، کوئی بھی عالمی ایونٹ بھارت میں نہیں ہونا چاہیے، نیب کو ختم کرنے کا مطالبہ وہی کریں گے جو کرپشن کے ذریعے ملک لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ نیب کو ختم کرنے کا مطالبہ وہی کریں گے جو ملک لوٹ رہے ہیں، کرپشن کو ختم کرنے کیلئے نیب کو بہتر اور مضبوط بنانا چاہیے، جو لوگ کرپشن کے ذریعے قوم کے خواب اور ترقی کو لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کو مضبوط بنانا چاہیے، کھیل کو کھیل ہی رکھنا چاہیے، بھارت ہر چیز میں سیاست، ہٹ دھرمی اور دہشت گردی سے کام لیتا ہے، بھارت کے اس رویہ کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے، بھارت میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے حوالے سے شیوسینا اور دیگر تنظیموں کے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا، بھارت کی ٹیم کو کھیلنا آتا ہے، ہارنا نہیں آتا، بھارت کو سپورٹ کے حوالے سے بلیک لسٹ کرنا چاہیے، کوئی بھی عالمی ایونٹ بھارت میں نہیں ہونا چاہیے