سعودی عرب میں ہونے والی فوجی مشقوں نے امت مسلمہ کے اتحاد کی امید پیدا کردی ہے‘ طاہر محمود اشرفی

پاکستان سمیت تمام ممالک کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 34ممالک کے عسکری اسلامی اتحاد میں بھر پور کردار اداکرنا چاہئے

جمعہ 11 مارچ 2016 18:55

سعودی عرب میں ہونے والی فوجی مشقوں نے امت مسلمہ کے اتحاد کی امید پیدا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مارچ۔2016ء) سعودی عرب میں ہونے والی فوجی مشقوں نے امت مسلمہ کے اتحاد کی امید پیدا کردی ہے،پاکستان سمیت تمام ممالک کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 34ممالک کے عسکری اسلامی اتحاد میں بھر پور کردار اداکرنا چاہئے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد خلفائے راشدینؓ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر مولانا محمد اسلم قادری،مولانا عبد القیوم،مولانا اشفاق پتافی،حافظ محمد شہباز عالم،حافظ اسامہ نے بھی خطاب کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام اور مسلمان دشمن قوتیں مسلم ممالک کے امن کو تباہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں ان حالات میں سعودی عرب میں بیس اسلامی ممالک کی طرف سے مشترکہ فوجیں ملت اسلامیہ کیلئے امید کی کرن ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں مداخلتیں کرکے شیعہ وسنی میں تقسیم کرنے والی طاقتیں سعودی عرب اور پاکستان کو شام ،عراق بنانا چاہتی ہیں اور ارض حرمین الشریفین اور پاکستان کے امن سے کھیلنا چاہتی ہیں۔ان قوتوں کو روکنے کیلئے اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان تعلقات کی مضبوطی وقت اور حالات کا اہم تقاضا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خادم الحرمین الشریفین ،ان کے ولی عہد اور نائب ولی عہد ،وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کو کامیاب مشترکہ فوجی مشقوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سے فلسطین تک مظلوم مسلمان اسلامی دنیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس عظیم اتحاد کے بعد ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کریں گے اور ان کی مصیبتوں کے دن ختم ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :