من پسند جیل افسروں کو تر قیا تی کورس میں منتخب کرنے کے خلاف دائر درخواست پر جواب طلب کر لیا گیا

جمعہ 11 مارچ 2016 17:04

لاہور۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے من پسند جیل افسروں کو اگلے عہدوں میں ترقی سے متعلق کورس میں منتخب کرنے کے خلاف دائر درخواست پرپنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات سے ایک ہفتہ میں جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل شعیب سلیم نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات اگلے عہدوں میں ترقی کے منتظر جیل افسران کو کورس پر بھجوانے کی بجائے اپنے من پسند افراد کو بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جونئیر افسران کو میرٹ کے برعکس اگلے عہدوں میں ترقی کا عمل بدنیتی پر مبنی اور جیل قوانین کے تحت میرٹ کے اصولوں کی نفی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت میرٹ پر پورا اترنے والے جیل افسران کو تربیتی کورس پر بھجوانے کے احکامات صادر کرائے۔ جس پر عدالت نے پنجاب کے آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :