سینیٹ میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، زاہد حامد

جمعہ 11 مارچ 2016 15:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق زاہد حامد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے فوجداری قوانین(ترمیمی) بل 2015 منظور کرلیا گیا ، بل کے تحت 10سال سے کم بچہ مجرم تصور نہیں کیا جائے گا، بل کے تحت بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی سزا 7سال قید اور7لاکھ روپے جرمانہ ہو گی، قصور واقعہ کے بعد قانون سازی کے حوالے سے دباؤ بڑھ گیا تھا، بل کی منظوری کے بعد پاکستان کی عالمی ذمہ داری پوری ہو جائے گی۔

جمعہ کو وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے بچوں کے حقوق کے حوالے سے فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2015 کو ایوان بالا میں پاس ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی بچوں کے حقوق کے حوالے سے فوجداری قوانین(ترمیمی) بل 2015 منظور کیا ،بچوں کے حقوق کے حوالے سے فوجداری قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، صوبوں اور نظریاتی کونسل سے مشاورت کے بعد یہ بل تیار کیا گیا ، بل کے تحت 10 سال سے کم بچہ مجرم تصور نہیں ہو گا، بچوں کے حوالے سے قانونی خامیوں اور کمی کو دور کر دیا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کے ساتھ وعدہ پورا کر دیا ہے، قصور واقعہ کے بعد اس بل کو جلد منظور کرنے کی زیادہ ضرورت اور دباؤ تھا۔

(جاری ہے)

بل کے پاس کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کی خصوصی کوشش اور ہدایت تھی، بچوں سے جرم کی حد 7سال سے بڑھا کر10سال کر دی ، دس سال سے کم عمر بچہ مجرم تصور نہیں ہو گا،10 سے 14سال کی عمر کا بچہ میچور تصور کیا جائے گا، بچوں سے جنسی زیادتی کی قید 7سال اور 7لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، بچوں کی سمگلنگ کرنے والوں کو 7سال قید 25لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، نئے ایکٹ میں نئے جرائم کو شامل کیا گیا ہے، جن میں جنسی زیادتی، یورنوگرافی اور دیگر جرائم کو شامل کیا گیا ہے، وقت کے تقاضے کے تحت سخت سزائیں شامل کی گئی ہیں، پاکستان نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بچوں کے حقوق کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے ہوئے تھے، اس وجہ سے قانون میں ترمیم کی گئی تا کہ جرائم کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے، اس لئے سخت جرمانے اور سزائیں شامل کی گئی ہیں، بل میں 66ترامیم کی گئی ہیں اور چیزیں شامل کی گئی ہیں، صدر کے دستخط کے بعد بل قانون کا حصہ بن جائے گا اور پاکستان بین الاقوامی برادری کے سامنے سرخرو ہو گا۔

متعلقہ عنوان :