میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کی تاریخ میں نئی روایات متعارف کروائیں ،اراکین کا چیئرمین سینٹ کوخراج تحسین

جمعہ 11 مارچ 2016 15:11

اسلام آباد ۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء) سینٹ کے ارکان نے 12 مارچ 2015ء سے 11 مارچ 2016ء تک میاں رضا ربانی کی سربراہی میں پہلا پارلیمانی سال مکمل ہونے پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کی تاریخ میں نئی روایات متعارف کروائی ہیں جس سے ملک میں پارلیمنٹ اور پارلیمانی اداروں کی بالادستی اور استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید‘ سینیٹر فرحت اللہ بابر‘ سینیٹر سحر کامران‘ سینیٹر غوث نیازی ‘ سید طاہر حسین مشہدی‘ میاں عتیق‘ الیاس احمد بلور‘ سینیٹر محسن لغاری‘ سینیٹر سلیم ضیاء‘ سینیٹر شبلی فراز‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی ‘ سینیٹر خانزادہ خان ‘ سینیٹر نجمہ حمید‘ سینیٹر مشاہد اللہ خان اور دیگر ارکان نے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان بالا کے وقار کو مزید بہتر بنانے کے لئے کردار کو سراہا اور ان کی قیادت میں سینٹ کا پہلا پارلیمانی سال مکمل ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کی قیادت میں سینٹ کی کارکردگی اور نظم و نسق میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں رضا ربانی نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وقت پر اجلاس شروع کرانے کی جو روایت قائم کی ہے وہ پارلیمانی تاریخ میں ایک نئی مثال ہے اور انہوں نے تمام ارکان کو وقت کا پابند بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ نے وقفہ سوالات اور دیگر ایجنڈے کو مکمل کرنے کا بھی جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ قابل تقلید ہے اور ایک سال میں سینٹ نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ارکان سینٹ نے کہا کہ میاں رضا ربانی کی قائدانہ صلاحیتیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی سال کی رپورٹ تیار کرکے یقینی طور پر ایک اور اہم کارنامہ انجام دیا ہے جس پر میاں رضا ربانی اور سینٹ سیکرٹریٹ کا عملہ مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کے ساتھ ساتھ پارلیمانی کمیٹیوں کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سلسلے میں قائمہ کمیٹیوں میں مسائل کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے اور یہ انتہائی موثر فورم ہے۔

تاہم اسے مزید مضبوط اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں رضا ربانی نے بڑے اچھے انداز میں ایوان کی کارروائی کو چلایا ہے اور بلا امتیاز تمام ارکان کو ایوان میں اظہار خیال کا موقع دیا اور کبھی یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ وہ پارٹی وابستگی کی بنیاد پر کسی کی حمایت کرتے ہیں بلکہ ہمیشہ تمام ارکان کی حمایت کی ہے اور مساوی مواقع فراہم کئے ہیں۔

پچھلے ایک سال کے دوران ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایوان بالا دوسرے ایوانوں کے لئے بھی مشعل راہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ نے پچھلے ایک سال کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور تمام ارکان کو وقت کی پابندی کرنے کا پابند بنایا ہے یہی وجہ ہے کہ کسی سینیٹر کو کبھی ان سے کوئی گلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ جس دن بھی اجلاس میں نہیں ہوتے ان کی کمی شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :