مسئلہ کشمیر کو پاک بھارت مذاکرات کے عمل سے الگ نہیں کیا جاسکتا‘سینیٹر مشاہد حسین سید

جمعہ 11 مارچ 2016 15:08

اسلام آباد ۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پاک بھارت مذاکرات کے عمل سے الگ نہیں کیا جاسکتا‘ مغرب کو کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے دہرا معیار ختم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ نے یہ بیان دیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کیلئے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے پیشگی شرط نہیں رکھی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ کا یہ موقف درست نہیں ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حصہ ہے اور طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کا مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے حوالے سے موقف مختلف ہے جبکہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے ان کا موقف بالکل الگ ہے۔ مغرب کو اپنا یہ دہرا معیار ختم کرکے تصفیہ طلب مسائل حل کرانے چاہئیں۔