پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی میں دہشت گردی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، بھا رت

جمعہ 11 مارچ 2016 14:49

پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی میں دہشت گردی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر سیاست نہیں چلے گی نہ ہی ملک میں دہشت گردی کے طرفداروں کو عوامی حمایت مل سکتی ہے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو استوار کرنے میں بھی دہشت گردی ہی آڑے آتی ہے لہذا پاکستان کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ میں اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سلسلے میں قانون اپنا کام کر رہا ہے اور اس پر کسی بھی طور پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دہشگردی پر بھی اب سیاست کرنے نکلی ہے لیکن موجودہ حکومت ملک کی سلامتی کو دیکھتے ہوئے اس معاملے پر سیاست سے دور رہے گی کیونکہ قانون اپنا کام کر رہا ہے لہذا قانون میں دخل اندازی کا جمہوریت میں کوئی جواز نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کو نپنے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی دہشت گردوں کے لئے کوئی چھوٹ دی جا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مہذب قوم دہشت گردی کو برداشت نہیں کر سکتی ہے ۔

بھارتی حکومت واضح کر دینا چاہتی ہے کہ دہشت گردی پر سیاست نہیں چلے گی اور نہ ہی ملک میں دہشت گردی کے لئے کوئی گنجائش موجود ہے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں امن و امان ہو اور اس سلسلے میں امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنا حکومت کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں لیکن سرحد پار کی دہشت گردی ملکی سیکورٹی کے لئے ایک خطرہ بنی ہوئی ہے اور بار بار اس سلسلے میں پاکستان کی جانب سے دراندازوں کو پاکستان بھیجا جا رہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ہمإں ہر قیمت پر ملک کا دفاع کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں بھی دہشت گردی ہی آڑے آ رہی ہے اس لئے پاکستان کو بھارت مخالف دہشت گردی ختم کرنا ہو گی۔تاکہ مذاکرات کے لئس مناسب ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔ بھارتی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی سراٹھائے گی اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز کو بھی ہدیات جاری کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امن پسند ملک ہے اور رہے گا اور اس سلسلے میں پڑوسی ممالک پاکستان اور چین کے ساتھ بہتر تعلقات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

متعلقہ عنوان :