وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات

جمعرات 10 مارچ 2016 22:38

اسلام آباد۔ 10 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں ایران کے نئے سفیر مہدی ہنر دوست کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونے والے سفیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے وزیر خزانہ کے ساتھ ایران کے صدر کے دورہ پاکستان، اقوام متحدہ کی جانب سے اٹھائی جانے والی پابندیوں کے بعدپاک ایران اقتصادی تعاون بڑھانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کے عوام ایرانی صدر کے پرتپاک استقبال کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے عوام کے تعلقات بھی مستحکم ہونگے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے ایران پر پابندیاں اٹھانے کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان نے بھی ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لی ہیں، پابندیاں ختم ہونے سے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون بڑھے گا۔ اسحاق ڈار نے ایرانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی بھرپور تعاون کیا جائیگا۔ ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے آئندہ ہونے والی اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :