(ن) لیگ اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کے خلا ف پنجاب میں فوجی آپریشن ہونا چاہیے، پیر معصوم نقوی

جمعرات 10 مارچ 2016 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) جمعیت علما پاکستان (نیازی ) کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے دفاع میں اپنی آئینی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ اسلام آباد کے فسادی مولوی وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیرتعلیم بلیغ الرحمان کے اتنے عزیز اورچہیتے ہیں کہ ان کی میڈیا پر چلنے والی نفرت آمیز وڈیوزنظر نہیں آرہیں اور اس کے لئے دونوں وزرا سینیٹ کے اجلاس میں مختلف حیلے بہانوں سے کام لے رہے ہیں تاکہ اسے قانون کے کٹہرے میں نہ لایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کے خلا ف پنجاب میں فوجی آپریشن ہونا چاہیے۔ یہاں داعش کے ریکروٹمنٹ سنٹرز کی نشاندہی کی گئی، اسلحہ پکڑا گیا، اس دہشت گرد گروہ کی منفی سرگرمیوں کو سکیورٹی کے ذمہ دار اداروں نے بے نقاب کیا پھر بھی انہیں تحفظ دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ برقع پوش مولانا فسادی نے ایک مکتبہ فکر کو اپنی وڈٖیوز میں باقاعدہ طور پر دھمکیاں دی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ام حسان میڈیا اینکرز کو دھمکیا ں دیتی ہیں اور وڈیو لنک کے ذریعے داعش کے نام نہاد جعلی خلیفہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی جاتی ہے، مگر وفاقی وزرا اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

یہ رویہ ملکی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو اپنی صفوں میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا محاسبہ کرنا چاہیے اور انہیں تحقیقات کے لئے اداروں کے حوالے کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :