پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے خواتین کو عملی میدان میں بھر پور کردارادا کرنا ہوگا،، خواتین کو بااختیار کر کے اورترقی کے یکساں مواقع دے کرہی پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جاسکتا ہے،پاکستانی خواتین انتہائی باصلاحیت ہیں، حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کی رکن قومی اسمبلیشائستہ پرویز ملک سے ملاقات میں گفتگو

خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی پنجاب حکومت کا مستحسن اقدام ہے،شائستہ پرویز ملک

جمعرات 10 مارچ 2016 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین با صلاحیت اورمحنتی ہیں جنہوں نے عزم و ہمت سے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی گئی ہے۔

سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے اور ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کے لئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی استحکام کے لئے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے تحت فنی تربیت کے کورسز کروائے جا رہے ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں مراکزقائم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مرد وخواتین کو ملکر آگے بڑھنا ہے اورغربت و جہالت کے خاتمے کے سفر کوتیزی سے طے کرنا ہے ۔ خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل اورجائز مقام دیئے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا ۔

وقت کا تقاضا ہے کہ عملی میدان میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے اوران کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے اوراسی مقصد کیلئے حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں خواتین کی ترقی اوران کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے جنوبی ایشیا کی پہلی صنفی مساوات(جینڈرپیریٹی) رپورٹ 2016 شائع کی ہے جس کی روشنی میں خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے تاکہ خواتین معاشرے کا فعال حصہ بن کر معاشی و سماجی ترقی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باہمت ،باصلاحیت اور محنتی ہیں اور قومی تعمیر کے شعبوں میں ان کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے خواتین کو عملی میدان میں بھر پور کردارادا کرنا ہوگا اور اپنے علم کے ذریعے پاکستانی معاشرے کو آگے لیجانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار کر کے اورترقی کے یکساں مواقع دے کرہی پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنایا جاسکتا ہے۔ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں خواتین کو بااختیاربنانے اوران کے حقوق کے تحفظ کیلئے تاریخ ساز اقدامات پرمبارکباد پیش کی اورکہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کرکے مستحسن اقدام کیا ہے۔