وفاقی پولیس کی کاروائیاں مختلف جرائم میں ملوث6 ملزمان گرفتار،اسلحہ اور منشیات برآمد

جمعرات 10 مارچ 2016 21:26

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) وفاقی پولیس نے سٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث دو گروہوں کے6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بر آمد کر کے مقدمات درج کر لئے ہیں ،ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے گن پوائنٹ پر تھانہ مارگلہ کی اور تھانہ کورال کی حدود اور گرد و نواح میں شہریوں سے پرس ، نقدی اور موبائل فون چھیننے سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایس پی رورول سید مصطفی تنویر نے علاقے میں ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام اور سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے ایس ایچ او کورال کو ٹاسک دیا جس پر عمل کرتے ہوئے تھانہ کورال کے سب انسپکٹر سلطان محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی اور ملزم ذیشان محمود، شیخ خرم شہزاد، آصف رشید کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین پستول اور ایمونیشن بر آمد کیا گیاہے، ملزمان کورال اور ائر پورٹ کے مختلف علاقوں میں مسلح ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہیں،ملزمان کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے ،دریں اثناء تھانہ مارگلہ پولیس کے اے ایس آئی ظفر اقبال نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کرکارروائی کرتے ہوئے ملزمان طیران شہزاد،ملک محمد وقاص اورکاشف جان کو گرفتار کیا ، ان کے قبضے سے دو تیس بور پستول اور رسیاں بر آمد ہوئی ہیں، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے گن پوائنٹ پر تھانہ مارگلہ کی حدود اور گرد و نواح میں شہریوں سے پرس ، نقدی اور موبائل فون چھیننے سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں ،تھانہ رمنا پولیس نے دو ملزمان نثار احمد اور نجیب اﷲ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بغیر لائسنس دو پستول بر آمد کئے ہیں، ملزمان کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں

متعلقہ عنوان :