پیمرا کونسل آف کمپلینٹس پشاور کا ٹی وی چینلز،ایف ایم ریڈیو اور کیبل آپریٹر ز کو عطائیوں ، حکیموں، پیروں اور عاملوں کے اشتہارات بند کرنے کے احکامات

جمعرات 10 مارچ 2016 20:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس خیبر پختونخوا نے شکیل چندر کی زیرِصدارت پیمرا ریجنل آفس پشاور میں منعقدہ آج اپنے 63ویں اجلاس میں تمام ٹی وی چینلز،ایف ایم ریڈیو اورکیبل آپریٹرز کو فوری طور پرعطائیوں، حکیموں،پیروں اور عاملوں وغیرہ کے ممنوعہ اور قابل اعتراض اشتہارات بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں ایسے تمام کیبل آپریٹرز ، کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت کاروائی کی جائے گی۔کونسل نے شکایت کنندہ محترمہ سائرہ بخاری کیخلاف خیبر نیوز چینل کی جانب سے یکطرفہ اور ہتک آمیز خبر نشر کرنے پر چینل کو انتباہ جاری کرنے کی سفارش کی ہے ۔ مزید برآں ڈان نیوز چینل کے خلاف ڈائریکٹر جنرل PDMAکی شکایت کو اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک شہری عمران خان کی جانب سے حکیموں، عطائیوں کے اشتہارات کے خلاف دائر کردہ شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے رائل ٹی وی، راوی ٹی وی، سٹار لائٹ، کیبل نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ، ایبٹ آباد اور کمیونیکیٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ(FM-99.4) کو صحت سے متعلق تمام اشتہارات کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے شکایت کو نمٹا دیا ہے۔کونسل نے مزید یہ بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ تمام مدعیان حلف نامے پیش کریں کہ وہ آئندہ اپنے ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو اور کیبل ٹی وی نیٹ ورکس پر عطائیوں، حکیموں،پیروں اور عاملوں وغیرہ کے اشتہارات نشر نہیں کریں گے۔

کونسل نے دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں اتھارٹی کو قوانین کے مطابق مزید کاروائی کی بھی سفارش کی ہے۔اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول عبدالستار، سید حماد حسین شاہ، محترمہ فرح خان،محترمہ فرح سلطان اشرف،محمد ارشاد اور طارق محمود (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :