قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ سے متعلق صورتحال خود بھارت کی پیداکردہ ہے ، انتہا پسند اور حکومت ملی بھگت سے پاکستان کی ٹیم کو دھمکیاں دے رہے ہیں، حکومت اورنج لائن اور میٹرو بس جیسے مہنگے منصوبوں کے ذریعے پیسے بنا رہی ہے ،اس کی توجہ سنگین عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر کامل علی آغا کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 10 مارچ 2016 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے حوالے سے صورتحال بھارت نے خود پیدا کی ہے، انتہا پسند اور بھارتی حکومت ملی بھگت سے پاکستان کی ٹیم کو دھمکیاں دے رہے ہیں، حکومت اورنج لائن اور میرٹو بس جیسے مہنگے منصوبوں کے ذریعے پیسے بنا رہی ہے، حکومت کی توجہ سنگین عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں ۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت کے حوالے سے صورتحال بھارت نے خود پیدا کی ہے، انتہاء پسندوں کی جانب سے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو دھمکیاں دینے میں ان کی بھارتی حکومت سے ملی بھگت شامل ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی خود بڑا دہشت گرد ہے، ہر ملک جانتا ہے کہ وہ 3000مسلمانوں کے قتل میں ملوث ہے، دھمکیاں دینے والے مودی کے سپورٹر ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اورنج لائن ٹرین اور مہنگے میٹرو بس جیسے منصوبوں کے ذریعے پیسے بنا رہی ہے اور سنگین عوامی مسائل پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں، حکومت کرپشن کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے، جب تک حکومت کرپشن کے مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لے گی مسئلہ حل نہیں ہو گا