معاشرے میں استادکا مقام نہایت بلند،تعلیم کے پیشے سے وابستہ افراد کو ہمیشہ قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،مظفر سید ایڈوکیٹ

اساتذہ اور والدین پر مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ا پنے بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مسقبل کی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدا برآہو سکیں،صوبائی وزیر خزانہ کا استقبالیہ تقریب سے خطاب

جمعرات 10 مارچ 2016 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ معاشرے میں استادکا مقام نہایت بلند ہے اور تعلیم کے پیشے سے وابستہ افراد کو ہمیشہ قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے لہذا اساتذہ اور والدین پریہ مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ا پنے بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مسقبل کی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدا برآہو سکیں۔

انہوں نے یہ بات تنظیم اساتذہ ضلع پشاور کی جانب سے پشاور پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صوبہ بھر کی مختلف اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی اور اساتذہ برادری کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ان کی بروقت تکمیل کے تناظر میں صوبائی وزیر خزانہ مظفر سیدایڈوکیٹ کوزبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کوسراہا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ اساتذہ برادری کے مسائل حل کرنا حکومت اپنی اولین ذمہ داری تصور کرتی ہے کیونکہ وہ صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے حقیقی معنوں میں سرگرم عمل ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خوشحال اور کرپشن سے پاک پاکستان کے قیام میں اساتذہ برادری کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ وہ ایک ایسی نسل تیار کر سکتے ہیں جواس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت تعلیم کے معیارکوبہتر بنانے کے لئے انتھک جدوجہدکر رہی ہے لہذا یہی وجہ ہے کہ اب پرائمری سطح پر نئے تعمیرہونے والے سکول چھ کمروں پر مشتمل ہوں گے جسکا مقصد بچوں کو اچھے ماحول اور کھلی فضاء میں تعلیم دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ نظام تعلیم کو نہ تو این جی اوزکے حوالے کیا جا رہا ہے اور نہ ہی طلباء کے یونیفارم میں تبدیلی کا کوئی معاملہ زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صوبے کے عوام کے حقوق کی خاطر کوئی بھی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا۔مظفر سید نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے صوبے میں ریکارڈ قانون سازی کر رہی ہے جس سے تبدیلی کا عمل واضح ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے اساتذہ کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے تمام جائز مطالبات کے حل کے حق میں ہیں اور انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کیا جائے گا۔

قبل ازیں تنظیم اساتذہ کی جانب سے پریس کلب آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے جبکہ استقبالیہ تقریب سے خیر اللہ حواری،سید محمدعلی شاہ باچہ،مصباح السلام اور سکندر خان نے بھی خطاب کیا اور اس ضمن میں حکومتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیرکاان کے مسائل حل کرنے پرشکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :