پسا ہوا طبقہ حکمرانوں سے فلائی اوورز ،میٹر و بسیں نہیں ایک وقت کی روٹی ،صحت اور تعلیم کی سہولتیں مانگ رہا ہے ‘ جمشید چیمہ

انٹر اپارٹی انتخابات کے بعد عوام سے رابطہ کر کے انہیں حکمرانوں کی کرپشن اور ناکامیوں سے آگاہ کریں گے‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 10 مارچ 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشیداقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پسا ہوا طبقہ حکمرانوں سے فلائی اوورز اور میٹر و بسوں کا نہیں بلکہ ایک وقت کی روٹی ،صحت اور تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنے کا تقاضہ کر رہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمرانوں کا دعویٰ بالکل درست ہے کہ انہوں نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی بلکہ انہوں نے اربوں ، کھربوں اپنی جیبوں میں ڈالے ہیں ۔

احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں طرح طرح کے روڑے اٹکا نے کے بعد کرپشن ثابت ہونے پر مستعفی ہونے کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اقتدار کی باریاں لگائی ہوئی ہیں اور آئندہ دوبارہ باری لینے کیلئے ابھی سے گٹھ جوڑ کیلئے منصوبہ شروع کر دی گئی ہے کہ کس طرح عوام کی پسندیدہ جماعت تحریک انصاف کا راستہ روکنا ہے ۔

(جاری ہے)

جمشید چیمہ نے کہا کہ براہ راست ٹیکسوں کے غیر منصفانہ نظام سے تنخواہ دار طبقے کی جیبوں سے 79ارب روپے وصول کئے گئے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں سالانہ کھربوں کی ٹریڈنگ کرنے والوں نے معمولی ٹیکس ادا کیا اور اس سے واضح ہے کہ حکمران غریب مکاؤ ایجنڈے پر گامزن ہیں۔جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف انٹر اپارٹی انتخابات کے مراحل مکمل ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیگی ۔ اس سلسلہ میں عوام سے رابطے کریں گے اور انہیں حکمرانوں کی کرپشن اور ناکامیوں سے آگاہ کریں گے۔