شمالی کوریا سے کشیدگی،امریکا کے تین لڑاکا طیارے ایشیا روانہ

حالیہ واقعات اس بات کے متقاضی ہیں پورے ہند ،ایشیا بحرالکاہل خطے میں قابل اعتبار فضائی قوت برقرار رکھی جائے،امریکی کمانڈر

جمعرات 10 مارچ 2016 19:33

شمالی کوریا سے کشیدگی،امریکا کے تین لڑاکا طیارے ایشیا روانہ

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ 10 مارچ۔2015ء) امریکا نے شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کے بعد طویل فاصلے سے مار کرنے والے تین اسٹیلتھ بمبار طیارے ایشیا روانہ کردیے جو جنگی مشقوں میں حصہ لیں گے۔یہ لڑاکا طیارے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے بحرالکاہل کے خطے میں فضائیہ کے کمانڈر جنرل لوری جے رابنسن نے کہا کہ حالیہ واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ پورے ہند ،ایشیا بحرالکاہل خطے میں قابل اعتبار فضائی قوت برقرار رکھی جائے۔

امریکا کے فوجی حکام نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ان لڑاکا طیاروں کو کہاں رکھا جائے گا۔یہ بی-2 سپرٹ بمبار طیارے ہیں اور امریکی فضائیہ کے پاس ایسے بیس طیارے ہیں۔امریکا نے یہ طیارے شمالی کوریا کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کے بعد بھیجے ہیں۔

(جاری ہے)

شمالی کوریا نے ان میزائلوں کا اپنے مشرقی ساحلی علاقے میں تجربہ کیا تھا۔

قبل ازیں شمالی کوریا نے جوہری بم کا ایک اور تجربہ کیا تھا اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے چھے راکٹ چھوڑے تھے۔شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے نئی پابندیاں عاید کیے جانے کے ردعمل میں ہائی کیلیبر کے ان چھے راکٹوں کا تجربہ کیا تھا اور انھیں سمندر کی جانب فائر کیا گیا تھا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے شمالی کوریا پر نئی سخت پابندیاں عاید کی ہیں اور یہ فیصلہ جنوری میں اس کی جانب سے جوہری بم کے چوتھے تجربے اور گذشتہ ماہ ایک خلائی راکٹ کے تجربے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔اس خلائی راکٹ کے تجربے کو بیلسٹک میزائل کا خفیہ تجربہ بھی قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :