شاہ سلمان کی موجودگی میں شمال کی گرج فوجی مشقیں اختتام پذیرہوگئیں

مشقوں میں حصہ لینے والے مسلمان رہ نماؤں کی شاہ سلمان سے فرداًفرداًملاقات،اہم امورپر تبادلہ خیال کیاگیا

جمعرات 10 مارچ 2016 19:33

الریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ 10 مارچ۔2015ء) سعودی عرب میں کئی مسلمان ممالک کے اشتراک سے شروع ہونے والی ’شمال کی گرج‘ کے عنوان سے خطے کی سب سے بڑی مشقیں اختتامی مراحل میں داخل ہو گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق مشقوں کے اختتام سے قبل سعودی عرب کے شہر حفر الباطن میں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں مسلمان ممالک کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ،گذشتہ روز ہونے والی ایک تقریب میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مشقوں میں شامل مسلمان ممالک کے سربراہوں نے شرکت کی۔

سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی شمال کی گرج مشقوں کی تقریب میں شرکت کرنے والے مسلمان رہ نماؤں میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، سوڈانی صدر محمد عمر البشیر، سینیگال کے صدر ماکی صال، چاڈ کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف ادریس دیبی انتو، موریتانیہ کے محمد ولد عبدالعزیز، جیبوتی کے اسماعیل عمر جیلہ، جزائرالقمر کے ڈاکٹر اکیلل ظنین، مراکش کے وزیراعظم عبدالالہ بن کیران، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، مارشیس کے وزیر برائے مذہبی امور شوکت سودھن،سلطنت اومان کے وزیر برائے امور دفاع شہزادہ فیصل بن الحسین، بدر بن سعود بن حارب البوسعیدی،ملائیشیا کے آرمی چیف ذولکفلی محمد زین اور مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں شرکت کرنے والے سعودی عہدیداروں میں مشرقی علاقوں کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف، نائب ولی عہد و وزیردفاع شہزاہ محمد بن سلمان اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر شاہ سلمان کی جانب سے شمال کی گرج مشقوں میں حصہ لینے والے مسلمان رہ نماؤں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز مشقوں کے موقع پر صدر عبدالفتاح السیسی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الصباح، اردنی فرمانروا شاہ عبداﷲ دوم، شاہ بحرین الشیخ حمد بن خلیفہ، ابو ظہبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید، سوڈان کے صدر عمر البشیر، امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد سمیت افریقا،خلیجی ممالک اور دوسرے مسلمان ملکوں کے رہ نماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،گذشتہ روز خفر الباطن میں جمع ہونے والے اسلامی دنیا کے سرکردہ قائدین نے شاہ سلمان سے الگ الگ بات چیت کی۔

فرداً فرداً ہونے والی ملاقاتوں میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے علاقائی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :