ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی ڈینگی بخار سے بچاؤ کے لئے بروقت اقدامات اٹھانے کی ہدایت

جمعرات 10 مارچ 2016 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ 10 مارچ۔2015ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی بخارسے بروقت بچاؤ کے لئے پورے کوہاٹ خصوصاً تحصیل لاچی میں ڈینگی لاروا ختم کرنے کے لئے فوری طورپرسروے کریں اور اس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں ۔انہوں نے مزید ہدایت کہا کہ پورے کوہاٹ میں بھی ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کیا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے دن اپنے دفتر میں ڈینگی ایکشن پلان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ چیئرمین ڈیڈیک کوہاٹ ضیاء ا ﷲ بنگش ایم پی اے ، ضلع ناظم کوہاٹ مولانا نیاز محمد،تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فخرالدین ، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد عمیر ،اسسٹنٹ کمشنر لاچی عرفا ن اﷲ ،محکمہ صحت اور قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈینگی بخار سے متعلق گراس روٹ لیول پر آگہی مہم اور اس کے تدارک کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور ہوا اور اس ضمن میں کئی فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کی ویکسین یا ٹیکہ ابھی تک ایجاد نہیں ہوا تاہم اختیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس موذی بیماری سے آسانی سے بچا جاسکتاہے ۔اجلاس کو ڈینگی کی علامات سے متعلق بتایا گیا کہ جس مریض میں تیز بخار، جسم میں شدید درد ،بھوک کا نہ لگنا ،آنکھوں کے پیچھے شدید درد ہونا، پانچویں یاساتویں دن جلدپرخارش اور سرخ دھبوں کا نمودار ہونا اور بخار کا ختم نہ ہونا،ناک یا مسوڑوں سے خون آنا ،باربار الٹی آنا اورکالا پاخانہ آنا جیسے علامات پائی جاتی ہوں تو وہ فوراًڈاکٹر سے رجوع کرے اور اس مریض کو پانی، جوس سوپ وغیرہ زیادہ پلانا شروع کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک بیماری ضرور ہے لیکن اس سے بچاؤاختیاطی تدابیر سے ممکن ہے لہٰذا عوام پوری آستین والے شلوار یا پینٹ پہنیں جو ٹخنوں تک جسم کو ڈھانپ سکے ۔مچھر بھگانے کے لئے کوائل ،میٹ،تیل اورلوشن کا استعمال کریں ،صاف پانی کو ڈھانپ کررکھیں اورگھروں کے پردوں کومچھرمار ادویات سے سپرے کرائیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک کسی شخص کو بنیادی طور پر اپنی ذمہ داری کا احساس نہ ہو وہ کبھی بھی اپنے فرائض منصبی ایمانداری او ر جانفشانی سے سر انجام نہیں دے سکتا۔انہوں نے ڈی ایچ اوز کو حکم دیا کہ وہ اس اہم قومی کاز میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کی رپورٹ فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو کریں تاکہ ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :