بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فراڈ اور دھوکہ دہی کی روک تھام کیلئے ہاٹ لائن قائم کردی ، تین سال میں تقریباً دو کھرب روپے تقسیم کئے گئے‘ مستحقین کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لئے نیا سروے کرایا جائے گا

سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی زاہد حامد کا جواب

جمعرات 10 مارچ 2016 17:21

اسلام آباد ۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فراڈ اور دھوکہ دہی کی روک تھام کیلئے ایک ہاٹ لائن قائم کی ہے‘ گزشتہ تین سالوں میں تقریباً دو کھرب روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے‘ مستحقین کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لئے نیا سروے کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان‘ محسن لغاری اور سید طاہر حسین مشہدی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے ایوان کو بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ایک ہاٹ لائن قائم کی ہے‘ ایس ایم ایس سروس بھی شروع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں شعور بیدار کرنے کی ایک مہم شروع کی گئی ہے تاکہ دھوکہ دہی سے لوگوں کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین سال کے دوران تقریباً دو کھرب روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ 2015-16ء کے دوران کی جانے والی ادائیگی رواں سال 30 جون تک ہو جائے گی۔ حکومت بی آئی ایس پی کے تحت نیا سروے کر رہی ہے اور امید ہے کہ جون سے اس کا آغاز ہو جائے گا۔