دنیا کی 800بہترین یونیورسٹیز میں پاکستان کی 6جامعات شامل

جمعرات 10 مارچ 2016 16:57

دنیا کی 800بہترین یونیورسٹیز میں پاکستان کی 6جامعات شامل

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں کی درجہ بندی جاری کرنے والی برطانوی مشہور ایجنسی کواک ریلی سائمنڈز(کیو ایس)نے دنیا کی 800 ممتاز جامعات میں پاکستان کی 6یونیورسٹیوں اور انسٹیٹیوٹ کو شامل کیا ہے۔برطانوی ادارے کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ)، قائداعظم یونیورسٹی (کیو اے یو)، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنس( لمز)، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یوای ٹی)، کراچی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور شامل ہیں جنہیں دنیا کی 800بہترین جامعات میں شامل کیا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کو انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زمرے میں340واں نمبر دیا گیا ہے، قائد اعظم یونیورسٹی کا نمبر651ہے جبکہ لمز، یو ای ٹی اور جامعہ کراچی کا نمبر701+ ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارت کی15جامعات اس فہرست میں شامل ہیں جن میں بنگلور میں واقع انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس اور دہلی میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو 200کے دائرے میں رکھتے ہوئے بالترتیب 147اور 179نمبر پر رکھا گیا ہے۔

کیو ایس رینکنگ کے مطابق میساچیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(ایم آئی ٹی)، کیمبرج یونیورسٹی، اسٹینفرڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، آکسفورڈ یونیورسٹی، یونیورسٹی کالج لندن، امپیریل کالج لندن، ای ٹی ایچ زیورخ اور یونیورسٹی آف شکاگو کو دنیا کی 10بہترین یونیورسٹیوں کا اعزاز حاصل ہے۔حال ہی میں اعلی تعلیمی کمیشن نے سال 2015کے عمومی زمرے میں قائد اعظم یونیورسٹی کو پہلا نمبر دیا ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی کو دوسرا اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو تیسرا نمبر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کیو ایس رینکنگ میں کسی جامعہ کا معیار جانچنے کے لیے کئی اہم عوامل کو دیکھا جاتا ہے جن میں اکیڈمی کے معیار کو 40 فیصد، ملازموں کے معیارکو 10 فیصد، فیکلٹی اور طالب علموں کی شرح کو 20 فیصد، بین الاقوامی فیکلٹی کی شرح کو 5 فیصد اور بین الاقوامی طلبا و طالبات کو 5 فیصد نمبر دیئے جاتے ہیں جب کہ اس کے تحت جامعہ میں تدریس، تحقیق، ملازمتوں کے مواقع اور بین الاقوامیت کو بھی جانچا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :